واپس جائیں

پنجاب حکومت کئ کاروائی،11 صنعتی یونٹس اور 4 اینٹوں کے بھٹے سیل

08 Nov 2026, 01:23 PM
پنجاب حکومت کئ کاروائی،11 صنعتی یونٹس اور 4 اینٹوں کے بھٹے سیل

لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں ماحولیاتی آلودگی کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر 11 صنعتی یونٹس اور 4 اینٹوں کے بھٹے سیل کر دیے گئے جبکہ 6 بھٹوں کو مسمار کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں 240 صنعتی یونٹس اور 429 اینٹوں کے بھٹوں کی سخت چیکنگ کی گئی،قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 26 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔ غیر معیاری پلاسٹک کے خلاف کارروائی کے دوران 896 کلوگرام ممنوعہ پلاسٹک ضبط کیا گیا جبکہ پلاسٹک قوانین کی خلاف ورزی پر 12 مقامات سیل اور متعدد کو نوٹسز جاری کیے گئے۔ دھوئیں کے اخراج کی روک تھام کے لیے 119 کمرشل کچنز اور باربی کیو پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی،مانیٹرنگ کے دوران 5 مقامات سیل کیے گئے جبکہ 69 مقامات پر سکشن ہڈز نصب کر دیے گئے۔ اڑتی دھول کی روک تھام کے لیے 22 مقامات کا معائنہ کیا گیا اور 15 نوٹسز جاری کیے گئے،فضائی نگرانی کے لیے ڈرون سکواڈ، نائٹ سکواڈ اور ہاک آئی سکواڈ بھی متحرک ہیں۔ کمزور موسمی ہواؤں کے باعث مقامی سطح پر آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف مانیٹرنگ مزید سخت کر دی گئی ہے۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے فیلڈ ٹیمیں مسلسل متحرک ہیں،انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے سے مکمل گریز کریں۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں