تبلیغی جماعت کی بس حادثے کا شکار، 5 افراد زخمی
لاہور : موٹروے ایم ٹو ساؤتھ پر شیخوپورہ کے قریب تبلیغی اجتماع سے واپسی پر شرکاء کی بس کو حادثہ پیش آیا بس الٹنے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر موصول ہوئی، جس کے فوری بعد موٹروے پولیس کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے رائیونڈ سے پشاور جانے والی تبلیغی اجتماع کے شرکاء کی بس حادثے کا شکار ہوئی۔ موٹروے پولیس کی ایریا موبائل موقع پر موجود ہے جبکہ افسران امدادی کارروائیوں، صورتحال کو سنبھالنے اور شرکاء کی مدد میں مصروف ہیں۔ سیکٹر کمانڈر فیصل اکرم بھی جائے حادثہ کی جانب روانہ ہوگئے ہیں اور صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق تبلیغی اجتماع سے واپس آنے والے شرکاء کی محفوظ منزل تک رسائی یقینی بنانے کے لیے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سنٹرل ریجن کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور مسافروں کی سہولت کے لیے افسران کی اضافی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں جبکہ اضافی پٹرولنگ موبائلز بھی تعینات کردی گئی ہیں۔ افسران کو خصوصی بریفنگ دیتے ہوئے شرکاء کی رہنمائی، ٹریفک قوانین پر عمل درآمد اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ موٹروے پولیس نے اجتماع سے واپس آنے والے تمام شرکاء سے اپیل کی ہے کہ وہ تیز رفتاری، غلط اوورٹیکنگ اور غیر محتاط ڈرائیونگ سے اجتناب کریں اور محفوظ سفر کے لیے ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں