میرپور، قصابوں کی موجیں،بیمار جانور گھروں میں ذبح ہونے لگے
میرپور/16مئی 2026/ میرپور شہر میں مضرِ صحت اور بیمار جانوروں کے گوشت کی فروخت کا مکروہ دھندا تاحال جاری ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بعض قصاب بیمار، زخمی اور ناقص جانور مختلف ڈیروں اور فارم ہاؤسز سے انتہائی کم قیمت پر خرید کر رات کی تاریکی میں گھروں اور خفیہ مقامات پر ذبح کرتے ہیں۔ بعد ازاں یہی گوشت شادی ہالوں سمیت اپنی دکانوں پر فروخت کر کے شہریوں کی صحت سے خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق میونسپل کارپوریشن کے ذمہ دار ڈاکٹر نے بھی قصابوں کی دکانوں کی باقاعدہ چیکنگ کے بجائے اپنی ذمہ داریاں صرف سرکاری ذبح خانے میں مہریں لگانے تک محدود کر رکھی ہیں، جس کے باعث غیر قانونی اور غیر معیاری گوشت کی فروخت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
واضح رہے کہ میونسپل کارپوریشن کے زیر انتظام سبزی منڈی میں قائم سرکاری ذبح خانے میں صرف صبح کے اوقات میں ہی ویٹرنری ڈاکٹر کی موجودگی اور تصدیق کے بعد جانور ذبح کیے جاتے ہیں۔ تاہم چند ماہ قبل یہی عناصر مبینہ طور پر میونسپل کارپوریشن کی مبینہ ملی بھگت سے رات کے اوقات میں ذبح خانے کی بیرونی لائٹس بند کر کے مضرِ صحت جانور ذبح کرتے رہے۔
بعد ازاں کشمیر نامہ کی نشاندہی پر میونسپل کارپوریشن نے مقررہ اوقات کے علاوہ ذبح خانے کو کھولنے پر پابندی عائد کر دی تھی، مگر اس کے باوجود شہر میں غیر قانونی ذبح اور ناقص گوشت کی فروخت کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس پر شہریوں نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔