واپس جائیں

میرپور شہر میں کم وزن چپاتیوں کی فروخت جاری، شہری پریشان

16 May 2026, 06:12 PM
میرپور شہر میں کم وزن چپاتیوں کی فروخت جاری، شہری پریشان

میرپور: میرپور شہر میں ناشتے کی دکانوں اور ریڑھی بانوں کی جانب سے گھریلو چپاتی کے نام پر انتہائی کم وزن روٹیاں فروخت کیے جانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ کم وزن چپاتیاں فروخت کرنے والوں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے جس کے باعث عوام مہنگے داموں ناقص اور کم مقدار خوراک خریدنے پر مجبور ہیں۔


پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے 100 گرام روٹی کی قیمت 20 روپے مقرر کی گئی ہے، تاہم شہر کے مختلف ناشتے کے مراکز پر اسی قیمت میں جو چپاتی فراہم کی جا رہی ہے وہ وزن اور سائز کے اعتبار سے انتہائی کم ہے اور عملاً چند لقموں سے زیادہ نہیں بنتی۔


پرانی چونگی کے مقام پر برسوں سے ناشتہ فروخت کرنے والے ایک ریڑھی بان نے “کشمیر نامہ” کو بتایا کہ یہ چپاتیاں چترپڑی کے ایک تندور سے شہر بھر میں سپلائی کی جا رہی ہیں۔ اس کے مطابق مختلف ناشتے فروش روزانہ تقریباً ساڑھے تین سے چار ہزار چپاتیاں اسی تندور سے خریدتے ہیں۔


شہریوں نے ڈپٹی کمشنر میرپور اور پرائس کنٹرول حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں کم وزن روٹی فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور سرکاری نرخنامے کے مطابق وزن کی پابندی یقینی بنائی جائے۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں