الیکشن کے قریب پی ٹی آئی آزادکشمیر کو بڑا دھچکا درخواست مسترد
مظفرآباد : آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (PTI) آزاد جموں و کشمیر کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ مالیاتی امور میں الیکشن رولز کی خلاف ورزی اور قانونی تقاضے پورے نہ کرنے کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کی طرف سے رجسٹریشن کے لیے ایک درخواست موصول ہوئی تھی، جو معزز عدالت العالیہ کے فیصلہ بعنوانی ''وحید اشرف وغیرہ بنام الیکشن کمیشن وغیرہ'' (منفصلہ 05 اکتوبر 2023) اور الیکشن قوانین کی روشنی میں دائر کی گئی تھی۔ درخواست کی جانچ پڑتال کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے متعلقہ قوانین و قواعد کے مطابق سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کے آڈٹ کے لیے ایک آڈٹ افسر مقرر کیا تھا، تاکہ جمع کرائے گئے اکاؤنٹس اور مالیاتی دستاویزات کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔ آڈٹ افسر نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں نشاندہی کی کہ درخواست گزار جماعت (پی ٹی آئی) کی جانب سے مالیاتی امور اور اکاؤنٹس کی تفصیلات میں الیکشن رولز کے رول 121 کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ مذکورہ اعتراضات سامنے آنے کے بعد الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی استدعا پر معاملہ دوبارہ جائزے کے لیے آڈٹ افسر کو بھجوایا۔ تاہم، ازسرنو جانچ پڑتال کے بعد آڈٹ افسر نے دوبارہ اپنی رپورٹ میں رول 121 کی خلاف ورزی اور اکاؤنٹس سے متعلق اعتراضات کو برقرار رکھا۔ بعد ازاں، الیکشن کمیشن نے شفافیت کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کے نمائندوں اور ان کے وکلاء کو ذاتی سماعت کا مکمل موقع فراہم کیا۔ فریقین کے دلائل اور دستیاب ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد الیکشن کمیشن اس نتیجے پر پہنچا کہ درخواست گزار جماعت رول 121 کے قانونی تقاضوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ چنانچہ قواعد کی خلاف ورزی اور اکاؤنٹس سے متعلق قانونی شرائط پوری نہ ہونے کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی رجسٹریشن کی درخواست کو مسترد کرنے کا باقاعدہ فیصلہ جاری کر دیا۔ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن اور نگرانی آئین و قانون کے مطابق، مکمل شفافیت اور مساویانہ اصولوں کی بنیاد پر عمل میں لائی جاتی ہے اور قانون کی نظر میں سب برابر ہیں۔