واپس جائیں

آزاد کشمیر میں کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے قیام کا نوٹیفیکیشن جاری

15 May 2026, 11:49 AM
آزاد کشمیر میں کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے قیام کا نوٹیفیکیشن جاری

مظفرآباد(نامہ نگار)حکومتِ آزاد جموں و کشمیر نے ریاست میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مؤثر بنانے اور دہشت گردی کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے “آزاد جموں و کشمیر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (AJK Counter Terrorism Department)” کے قیام کی باضابطہ منظوری دے دی۔ اس سلسلہ میں محکمہ داخلہ کی جانب سے گزشتہ روز باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے آزاد کشمیر میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کے قیام کیلئے مختلف کیٹیگریز کی مجموعی طور پر 472 نئی آسامیوں کی منظوری دی ہے۔ ان آسامیوں کو پولیس سروس رولز اور دیگر متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت ریگولر بنیادوں پر پر کیا جائے گا۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق محکمہ میں اعلیٰ افسران سے لے کر نچلے عملے تک مختلف گریڈز کی آسامیاں شامل ہیں۔ ان میں ایک آسامی سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (SSP) گریڈ 19، چار آسامیاں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (DSP/AD) گریڈ 17، نو آسامیاں سب انسپکٹر (SI/SO) گریڈ 16، جبکہ 25 آسامیاں اسسٹنٹ سب انسپکٹر (ASI) گریڈ 11 کی شامل ہیں۔اسی طرح 323 کانسٹیبل، 20 ڈرائیور کانسٹیبل، 3 سپرنٹنڈنٹ پولیس/DD، 2 فور جی جی ایس ایم ٹیکنیکل ایکسپرٹس، 13 سب انسپکٹر یو او، 23 انٹرنل سٹاف، 28 ٹیکنیکل ڈیٹا انٹری آپریٹرز اور 21 نائب قاصد کی آسامیاں بھی منظور کی گئی ہیں۔حکومتی ذرائع کے مطابق CTD کے قیام کا مقصد ریاست میں دہشت گردی، انتہا پسندی، سائبر جرائم اور دیگر حساس نوعیت کے جرائم کی روک تھام کیلئے ایک خصوصی اور جدید خطوط پر استوار ادارہ قائم کرنا ہے، جو جدید ٹیکنالوجی اور تربیت یافتہ افرادی قوت سے لیس ہوگا۔
نوٹیفکیشن کی نقول صدر آزاد کشمیر، وزیراعظم آزاد کشمیر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری مالیات، سیکرٹری سروسز اور دیگر متعلقہ اداروں کو ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ آئندہ کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔عوامی و سماجی حلقوں نے حکومت کے اس اقدام کو امن و استحکام کیلئے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ CTD کے قیام سے ریاست میں جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں میں مزید بہتری آئے گی۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں