کوٹلی، مختلف حادثات میں ایک خاتون جاں بحق دو افراد زخمی
سیری: کھوئی رٹہ دو مختلف حادثات میں ایک خاتون جاں بحق اور دو افراد زخمی، زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد کوٹلی ریفر کر دیا گیا جبکہ خاتون کی حادثاتی موت پر علاقہ سوگوار ہر آنکھ اشک بار۔ تفصیلات کے مطابق کھوئی رٹہ کے نواحی گائوں جوگالپال میں سمیرا کوثر زوجہ محمد شہپا ل اپنے کچے مکان کے چھت کی مرمت کر رہی تھی کہ چھت اچانک گر نے کے باعث ملبے تلے دب گئی۔ مقامی افراد نے فوری طور پر خاتون کو ملبے سے نکال کر قریبی مرکز صحت پہنچایا لیکن جانبر نہ ہو سکی اور دم توڑ دیا جبکہ دوسرے حادثہ میں بائی پاس سڑک پر دو موٹر سائیکلوں میں خوفناک تصادم ہوا جس کے نتیجے میں عمر ساکن راولپنڈی اور یاسین ساکن دیہاڑی باغ شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر تحصیل ہیڈکوآرٹر ہسپتال کھوئی رٹہ پہنچایا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد کوٹلی ریفر کر دیا گیا حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔