اسٹیٹ لائف میرپور کے پالیسی ہولڈرز کو مشکلات کا سامنا
میرپور/7 مئی 2026/
State Life Insurance Corporation of Pakistan میرپور آفس کی جانب سے پالیسی ہولڈرز کو اپنی ہی رقم کے حصول کے لیے غیر ضروری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق پالیسی میچور ہونے کے بعد رقم کی ادائیگی کے لیے تصدیق شدہ گزیٹیڈ آفیسر کی توثیق لازمی قرار دے دی گئی ہے، جس کے باعث پالیسی ہولڈرز کو شدید پریشانی، سفارش اور دربدر کی ٹھوکریں برداشت کرنا پڑ رہی ہیں۔
متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ پالیسی کے اندراج کے وقت اسٹیٹ لائف کے ایجنٹس مختلف سہولیات اور آسان طریقہ کار کے دعوے کرتے ہیں، تاہم جب کئی سال بعد پالیسی ہولڈر اپنی جمع شدہ رقم وصول کرنے کے مرحلے پر پہنچتے ہیں تو انہیں اضافی تصدیقات، گواہوں اور مختلف کاغذی کارروائیوں کے پیچیدہ مراحل میں الجھا دیا جاتا ہے۔
شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ میچور پالیسیوں کی ادائیگی کے عمل کو آسان اور شفاف بنایا جائے تاکہ پالیسی ہولڈرز کو اپنی ہی رقم کے حصول کے لیے غیر ضروری رکاوٹوں اور ذہنی اذیت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔