واپس جائیں

مظفرآباد،شاخ تراشی کے دوران محکمہ برقیات کا ملازم جاں بحق

02 May 2026, 01:41 PM
مظفرآباد،شاخ تراشی کے دوران محکمہ برقیات کا ملازم جاں بحق

بٹنگی بن کوٹ میں پول کے قریب درخت کی کٹائی کے دوران افسوسناک واقعہ؛ محمد مصطفیٰ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
چناری (صباح نیوز) جہلم ویلی کی یونین کونسل چکہامہ کے علاقے بٹنگی بن کوٹ میں محکمہ برقیات کا ایک ملازم فرائض کی ادائیگی کے دوران کرنٹ لگنے اور بلندی سے گرنے کے باعث جاں بحق ہو گیا۔ اس المناک واقعے کے بعد پورے علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ برقیات کا ملازم (کلی) محمد مصطفیٰ ولد اکبر علی، ساکن چکاں، بٹنگی بن کوٹ میں ایک برقی پول کے ساتھ ٹکرانے والے درخت کی شاختراشی (ٹہنیاں کاٹنے) میں مصروف تھا کہ اچانک اس کا ہاتھ بجلی کی ہائی وولٹیج تار سے ٹکرا گیا۔ کرنٹ لگنے کے زوردار جھٹکے کے باعث وہ پول سے نیچے آ گرا۔ لائن سپرنٹنڈنٹ محکمہ برقیات چناری، ماجد اعوان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بلندی سے نیچے گرنے کی وجہ سے ملازم کو سر اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید چوٹیں آئیں، جو جان لیوا ثابت ہوئیں۔ انہیں فوری طبی امداد دینے کی کوشش کی گئی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی علاقے میں ادا کی گئی جس میں عمائدین علاقہ، محکمہ برقیات کے ملازمین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں انہیں آہوں اور سسکیوں کے سائے میں آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ مقامی آبادی نے اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں