زمین کا تنازعہ۔ باپ بیٹوں سمیت پانچ افراد قتل ہو گئے
بھکر: بھکر کے علاقے بستی چانڈیہ میں زمین کے تنازعے پر دو گروپوں میں خونی تصادم کے نتیجے میں باپ اور دو بیٹوں سمیت 5 افراد جاں بحق 3 زخمی ہو گئے۔ واقعہ نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 28 سالہ نیازی ولد عظیم خان، 45 سالہ اسلم، 17 سالہ اظہر، 19 سالہ مظہر اور وسیم سجاد شامل ہیں۔ جبکہ زخمیوں میں 30 سالہ سجاد، 60 سالہ امان اللہ اور 35 سالہ نامعلوم شخص شامل ہے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی۔ ایس پی انوسٹی گیشن شوکت علی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر صورتحال کو کنٹرول کیا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان زمین کے تنازعے پر تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔پولیس نے جاں بحق افراد کی لاشوں کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ مزید تحقیقات کے لیے فرانزک ٹیم کو بھی طلب کر لیا گیا ہے تاکہ شفاف اور میرٹ پر مبنی تفتیش کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق اعوان نے ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔دوسری طرف آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی اور سرگودھا ریجنل سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے اور ہدایت کی ہے کہ ملزمان کی گرفتاری اور قانونی کارروائی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔پولیس کے مطابق علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے.