واپس جائیں

باپ بیٹا دریائے راوی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے

24 Apr 2026, 04:09 PM
باپ بیٹا دریائے راوی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے

نارووال (نامہ نگار) دریائے راوی میں مچھلیاں پکڑتے ہوئے تین افراد ڈوب گئے، باپ بیٹا جاں بحق جبکہ ایک کو بچا لیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق گزشتہ روز دریائے راوی میں ککےکی کے قریب شکرگڑھ روڈ پر تین افراد کے ڈوبنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔جہاں تین افراد مچھلیاں پکڑنے کے دوران دریا کی بے رحم موجوں کا شکار ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر سرچ آپریشن کا آغاز کیا اور ابتدائی طور پر دو افراد کو نکال لیا گیا جن میں ایک شخص 45 سالہ اصغر ولد سلیم جاں بحق جبکہ ایک شخص 30 سالہ فیاض ولد شہزاد کی حالت بہتر تھی۔ تیسرے لاپتہ ہونے والے 12 سالہ مزمل ولد اصغر کی تلاش کے لیے واٹر ریسکیو ٹیم نے سرچ آپریشن جاری رکھا۔اندھیرا زیادہ ہونے کے باعث رات کے وقت آپریشن کو عارضی طور پر روک دیا گیا۔اس وقت دریا میں پانی کی گہرائی تقریباً 15 سے 20 فٹ جبکہ چوڑائی تقریباً 200 فٹ تھی ۔ جمعہ کی صبح دوبارہ سرچ آپریشن شروع کیا گیا اور ریسکیو جوانوں نے کامیابی کے ساتھ 12 سالہ بچے مزمل کی لاش کو تلاش کر لیا۔ دونوں جاں بحق افراد کی میتیں لواحقین کی درخواست پر ان کے آبائی گاؤں پیجووالی منتقل کر دی گئیں۔ ریسکیو آپریشن میں مجموعی طور پر 12 اہلکاروں نے حصہ لیا جن میں 3 غوطہ خور اور 9 تربیت یافتہ تیراک شامل تھے۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں