آزاد کشمیر میں ماتحت عدالتوں کے ججوں کے تبادلے
مظفرآباد(نامہ نگار) عدالت العالیہ آزاد جموں و کشمیر کے چیف جسٹس نے محکمہ عدل و انصاف کے مفاد میں اہم انتظامی فیصلہ کرتے ہوئے 12 سول ججز کے تبادلوں اور نئی تعیناتیوں کی منظوری دے دی۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ تقرریاں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی۔تفصیلات کے مطابق احسن فاروق (ایڈہاک سول جج شاردہ) کو تبدیل کر کے سول جج باغ تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ مکرم علی خان (ایڈہاک سول جج باغ) کو پانی والا داتوٹ منتقل کیا گیا۔ بلال مصطفیٰ راجا کو پانی والا داتوٹ سے پلندری، اور یاسر الطاف کو پلندری سے ہجیرہ تعینات کیا گیا ہے۔
اسی طرح محمد صغیر خان کو ہجیرہ سے شاردہ، ابصار افتخار کو لیپا سے راولاکوٹ کورٹ نمبر دو، جبکہ محمد شہزاد خان کو راولاکوٹ کورٹ نمبر دو سے حویلی کہوٹہ منتقل کیا گیا ہے۔ قدیر حسین کو حویلی کہوٹہ سے لیپا تعینات کیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق رضوان احمد (ایڈہاک سول جج بھمبر) کو فتح پور تھکیالہ، سحرش امتیاز حسین کو فتح پور تھکیالہ سے ڈڈیال، نعیم احمد کو ڈڈیال سے کوٹلی کورٹ نمبر ایک جبکہ مظہر رفیق کو کوٹلی کورٹ نمبر ایک سے چڑھوئی تعینات کر دیا گیا ہے۔
مزید برآں، سول جج تھوراڑ ہر ماہ دس ایام کے لیے منگ میں بطور رکن تحصیل فوجداری عدالت اضافی فرائض سرانجام دیں گے، جبکہ سول جج کورٹ نمبر ایک کوٹلی کو اپنے معمول کے فرائض کے ساتھ ساتھ کورٹ نمبر دو کے اضافی اختیارات بھی تفویض کیے گئے ہیں۔حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام تبدیل ہونے والے افسران کو وہی اختیارات حاصل ہوں گے جو ان کے پیشرو افسران کو حاصل تھے۔ تمام متعلقہ ججز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ چار روز کے اندر اندر اپنی نئی جائے تعیناتی پر حاضر ہو کر ذمہ داریاں سنبھالیں۔