فوڈ اتھارٹی میرپور کی جانب سے ٹارگٹٹڈ اور غیر منصفانہ کارروائیوں کا انکشاف
میرپور/22 اپریل 2026/ رپورٹ
ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی میرپور کی جانب سے دودھ، دہی سمیت دیگر اشیائے خورد و نوش کے معیار کو یقینی بنانے کے نام پر مبینہ طور پر غیر منصفانہ اور ٹارگٹڈ کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر شہریوں اور تاجر برادری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں میرٹ کے بجائے من پسند بنیادوں پر کی جا رہی ہیں، جبکہ بعض واقعات میں ذاتی رنجشوں اور مقامی تنازعات کو بھی کارروائیوں کا جواز بنایا جا رہا ہے۔ چند روز قبل میرپور شہر میں پیش آنے والے ایک واقعے میں ایک دکان کو سیل کیے جانے پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، جہاں مبینہ طور پر دکاندار کی مخالف پارٹی کے دباؤ پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
متاثرہ دکاندار اور تاجر حلقوں کا کہنا ہے کہ اس قسم کی کارروائیاں نہ صرف کاروباری ماحول کو متاثر کر رہی ہیں بلکہ ادارے کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا رہی ہیں۔ ان کے مطابق اگر معیار کی بہتری ہی مقصد ہے تو کارروائیاں شفاف، بلاامتیاز اور واضح اصولوں کے تحت ہونی چاہئیں۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ خوراک کے معیار کو بہتر بنانا یقیناً ضروری ہے، تاہم اس عمل میں شفافیت اور انصاف کو یقینی بنانا بھی اتنا ہی اہم ہے تاکہ کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہو اور اداروں پر عوام کا اعتماد بحال رہے۔
تاجر برادری نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان مبینہ بے ضابطگیوں کا نوٹس لیا جائے، غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائی جائیں اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔