میونسپل کارپوریشن میرپور کی بے حسی،تاریخی ویو پوائنٹ پارک بدانتظامی کا شکار
میرپور/21 اپریل 2026/ رپورٹ
میونسپل کارپوریشن میرپور کے حکام کی مبینہ بے حسی اور عدم دلچسپی کے باعث شہر کا معروف ویو پوائنٹ پارک ایک بار پھر لاوارثی کا شکار ہو گیا ہے، جس پر شہریوں میں غم، غصے اور شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق میرپور شہر کے قلب میں واقع ویو پوائنٹ پارک، جو شہریوں کے لیے سیر و تفریح اور صحت مند سرگرمیوں کا اہم مرکز سمجھا جاتا ہے، اس وقت بدانتظامی اور غفلت کی واضح تصویر پیش کر رہا ہے۔ پارک میں صفائی ستھرائی کا عمل مکمل طور پر رک چکا ہے، جس کے نتیجے میں خود رو جڑی بوٹیوں کی بھرمار اور کچرے کے ڈھیر لگنا شروع ہو گئے ہیں، جبکہ ماحول دن بدن آلودہ ہوتا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ تقریباً دو ماہ قبل سپریم کورٹ کے نوٹس لینے کے بعد پارک میں صفائی ستھرائی اور غیر ضروری درختوں کی کٹائی کا عمل شروع کیا گیا تھا، جسے شہریوں نے سراہا تھا۔ اس دوران بڑی تعداد میں لوگ دوبارہ پارک کا رخ کرنے لگے تھے اور صبح و شام واک اور تفریحی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔
تاہم، موجودہ صورتحال ایک بار پھر مایوس کن ہو چکی ہے۔ پارک میں جگہ جگہ کٹے ہوئے درختوں کے تنے اور ٹہنیاں بدستور پڑی ہیں جنہیں ہٹانے کی زحمت نہیں کی گئی۔ یہ باقیات نہ صرف بدصورتی کا باعث بن رہی ہیں بلکہ شہریوں، خصوصاً بچوں اور بزرگوں کے لیے خطرہ بھی بن سکتی ہیں۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر متعلقہ اداروں نے فوری توجہ نہ دی تو یہ پارک مکمل طور پر اپنی افادیت کھو بیٹھے گا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ میونسپل کارپوریشن فوری طور پر صفائی کا نظام بحال کرے، کچرا اور درختوں کی باقیات ہٹائے، اور پارک کی مستقل دیکھ بھال کے لیے ایک مؤثر نظام ترتیب دیا جائے۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہر کے اس اہم تفریحی مقام کو دوبارہ فعال اور صاف ستھرا بنایا جا سکے۔