باغ، دو نوجوان نالہ ماہل میں ڈوب کر جاں بحق
دھیرکوٹ : ارجہ نالہ ماہل میں نہاتے ہوئے دو نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ افسوسناک واقعہ آج سہ پہر 3 بج کر 20 منٹ پر ارجہ پل کے قریب پیش آیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت سعد ولد صابر اور عبدالمنان ولد امجد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں نوجوانوں کی عمریں 17، 17 سال بتائی گئی ہیں اور ان کا تعلق ڈب مکھیالہ، دھیرکوٹ سے تھا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران پولیس اور مقامی افراد نے دونوں نوجوانوں کی لاشیں نالے سے نکال لیں، جنہیں بعد ازاں رورل ہیلتھ سینٹر ارجہ منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی عاصم خالد اعوان کی ہدایت پر انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی۔ قاضی خاقان کے مطابق دونوں نوجوان نہاتے ہوئے گہرے پانی میں ڈوب گئے۔ جاں بحق نوجوانوں کے ورثا بھی رورل ہیلتھ سینٹر ارجہ پہنچ گئے جبکہ ارجہ نالہ ماہل میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے پر پورے علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے۔