واپس جائیں

معیز مجید نے وزیراعظم آزادکشمیر کو تصاویر بنوانے سے منع کر دیا

09 May 2026, 05:33 AM
معیز مجید نے وزیراعظم آزادکشمیر کو تصاویر بنوانے سے منع کر دیا

میرپور/10 مئی 2026/ سابق وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کے صاحبزادے اور حلقہ ایل اے تھری میرپور سے امیدوار اسمبلی چوہدری معیز مجید نے وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور کے حالیہ دورہ میرپور کے دوران مبینہ طور پر ملاقات کی تصاویر بنانے سے روک دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزادکشمیر اپنے دو روزہ دورہ میرپور کے اختتام پر رات گئے سیکٹر ایف ٹو میں سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے مختصر ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیراعظم کی آمد سے قبل وزیر حکومت چوہدری قاسم مجید نے اپنے چھوٹے بھائی چوہدری معیز مجید کو فون کر کے والد کو ملاقات کے لیے تیار کرنے کا کہا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے اختتام پر جب وزیراعظم واپس روانہ ہونے لگے تو سرکاری کیمرہ مین تصاویر بنانے لگا، تاہم مبینہ طور پر چوہدری معیز مجید نے یہ کہتے ہوئے تصویر بنانے سے روک دیا کہ پارٹی کارکن پہلے ہی وزیراعظم کے دورے پر تحفظات رکھتے ہیں اور انہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا، اس لیے تصاویر کا تاثر سیاسی طور پر غلط لیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آئندہ وہ بطور پارٹی سیکرٹری جنرل میرپور کا دورہ کریں گے اور کارکنوں کے تحفظات و گلے شکوے دور کرنے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر کے حالیہ دورہ میرپور کے دوران پارٹی کارکنوں نے منگلا پل پر استقبال سمیت متعدد تقریبات کا بائیکاٹ بھی کیا تھا۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں