واپس جائیں

پیپلزپارٹی آزاد کشمیر آور جمعیت علمائے اسلام میں انتخابی اتحاد ہو گیا

08 May 2026, 03:14 PM
پیپلزپارٹی آزاد کشمیر آور جمعیت علمائے اسلام میں انتخابی اتحاد ہو گیا

اسلام آباد (پی آئی ڈی) 8 مئی 2026ء


پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) آزاد کشمیر کے درمیان آئندہ انتخابات کے لیے باقاعدہ انتخابی اتحاد طے پانے کے بعد صدر پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر چوہدری محمد یاسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں دونوں جماعتوں کے درمیان انتخابی اتحاد پر مکمل اتفاق رائے پایا گیا ہے ، یہ طے کیا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی آئندہ انتخابات مشترکہ حکمت عملی کے تحت مل کر لڑیں گی۔انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں پیپلز پارٹی کے امیدوار میدان میں ہوں گے وہاں جے یو آئی پیپلز پارٹی کے لیے بھرپور انتخابی مہم چلائے گی، جبکہ جن حلقوں میں جے یو آئی کے امیدوار ہوں گے وہاں پیپلز پارٹی ان کی مکمل حمایت کرے گی۔صدر پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان ہونے والا یہ اتحاد اصولی بنیادوں پر قائم کیا گیا ہے اور اس کے آئندہ انتخابات میں دور رس اور مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی خطے میں جمہوری اقدار، سیاسی استحکام اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جدوجہد کریں گی اور اتحاد کے ذریعے ایک مضبوط سیاسی قوت بن کر سامنے آئیں گی۔امیر جمعیت علمائے اسلام آزاد کشمیر مولانا سعید یوسف نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) آزاد کشمیر اور پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے درمیان باقاعدہ انتخابی اتحاد قائم ہو چکا ہے۔یہ اتحاد خطے کی سیاست میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا ، آج طے پایا ہے کہ دونوں جماعتیں مشترکہ سیاسی حکمت عملی کے تحت آئندہ انتخابات میں حصہ لیں گی۔امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا سعید یوسف نے صدر پاکستان آصف علی زرداری ،چیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری،محترمہ فریال تالپور ،چوہدری محمد ریاض اور آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی تمام قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سیاسی اتحاد کے قیام میں مثبت اور سنجیدہ کردار ادا کیا۔جے یو آئی اور پیپلز پارٹی مل کر انتخابی سیاست میں اتریں گی اور عوامی مسائل کے حل، سیاسی استحکام اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے مشترکہ جدوجہد کریں گی۔مولانا سعید یوسف کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ دونوں جماعتیں اتحاد و اتفاق کے ساتھ آگے بڑھیں گی اور عوام کی خدمت کے مشن کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھیں گی۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں