عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں کمی آ گئی ہے،ڈبلیو ٹی آئی کروڈ آئل کی قیمت 101.40 ڈالر فی بیرل ہو گئی، جب کہ برینٹ کروڈ آئل 107.70 ڈالر فی بیرل کا ہو گیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق تیل کی قیمتوں میں پیر کے روز کمی دیکھی گئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں کو نکالنے کے لیے اقدامات شروع کرے گا۔ تاہم امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کی عدم موجودگی کے باعث قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر برقرار رہیں۔ برینٹ کروڈ فیوچرز 64 سینٹ یا 0.59 فی صد کمی کے بعد 107.53 ڈالر فی بیرل پر آئے، جب کہ جمعہ کو یہ 2.23 ڈالر کم ہو کر بند ہوئے تھے۔ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کروڈ آئل 84 سینٹ یا 0.82 فی صد کمی کے ساتھ 101.10 ڈالر فی بیرل پر پہنچا، جو جمعہ کو 3.13 ڈالر کی کمی کے بعد مزید نیچے آیا۔ صدر ٹرمپ نے گذشتہ روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر لکھا ’’ایران، مشرق وسطیٰ اور امریکا کے مفاد میں ہم نے ان ممالک کو بتایا ہے کہ ہم ان کے جہازوں کو ان محدود آبی راستوں سے محفوظ طریقے سے نکالنے میں رہنمائی کریں گے تاکہ وہ آزادانہ طور پر اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں۔‘‘