آزاد کشمیر کا اعزاز، سی ایس ایس مقابلے میں چار خواتین کامیاب
مظفرآباد :فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے سی ایس ایس مقابلے کے امتحان میں آزادکشمیر کی 4خواتین امیدواروں نے کامیابی سمیٹ لی ، جنھیں مختلف سرکاری گروپس منتخب کرلیا گیا ہے ،امتحان میں آزادکشمیر سے کوئی بھی مرد امیدوار کامیابی حاصل نہیں کرسکا۔
آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والی 4 خواتین میں انیقہ فاطمہ، ایمن اسد،ولیجہ نثار اورصباشاہ روم شامل ہیں۔
انیقہ فاطمہ کا تعلق آزادکشمیر کے ضلع کوٹلی کی تحصیل فتح پور تھکیالہ سے ہے اور وہ صدر معلم (ر)چوہدری محمد شفیع (مرحوم) کی صاحبزادی اور سابق صدر پریس کلب فتح پور تھکیالہ نعمان شفیع کی ہمشیرہ ہیں انیقہ فاطمہ کی پاکستان کسٹمز سروس میں اسسٹنٹ کی اسامی پر تعیناتی کیلئے سفارش کی گئی ہے۔
راولاکوٹ کے نواحی علاقے بنگوہئں ہلاں سے تعلق رکھنے والی
صبا شاہ روم کو آفس مینجمنٹ گروپ میں ایلوکیٹ کیا گیا ہے۔
آزادکشمیر کے ضلع جہلم ویلی کی یونین کونسل لمنیاں سے تعلق رکھنے والے خواجہ نثار احمد مرحوم کی صاحبزادی ولیجہ نثار خواجہ نے بھی سی ایس ایس کے امتحان میں کامیابی سمیٹی ہے اور ان کی کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ میں تقرری کی سفارش کی گئی ہے اہلِ علاقہ، سماجی و سیاسی شخصیات نے اس کامیابی کو جہلم ویلی کے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔
مظفرآبادکےحلقہ کوٹلہ کی یوسی بلگراں سے تعلق رکھنے والی ایمن اسد نے بھی سی ایس ایس امتحان میں کامیابی سمیٹی ہے اور ان کی اسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو کے عہدے پر تعیناتی کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایمن ایک یتیم طالبہ تھی اور ان کی والدہ جو ایک اسکول ٹیچر ہیں جنہوں نے ایمن کو اس مقام پر پہنچایا ہے۔