محکمہ پولیس آزادکشمیر میں انتظامی بحران، دو ایڈیشنل آئی جی آفس میں براجمان
میرپور، 29 اپریل 2026:
حکومت آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے محکمہ پولیس میں اعلیٰ سطحی تبادلوں کے حوالے سے جاری ہونے والا متنازعہ نوٹیفکیشن محکمہ پولیس میں سنگین انتظامی بحران کا باعث بن گیا ہے۔ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی طرف سے یہ نوٹیفکیشن 20 اپریل کو جاری کیا گیا، جس کے تحت ایڈیشنل آئی جی یاسین قریشی کو جبری رخصت پر بھیجتے ہوئے ان کی جگہ ڈی آئی جی میرپور ڈاکٹر خالد چوہان کو ایڈیشنل آئی جی تعینات کیا گیا، جبکہ کامران علی کو ڈی آئی جی میرپور مقرر کر دیا گیا۔
اسی نوٹیفکیشن کے تحت ڈی آئی جی ریزرو سردار ظہیر خان اور ڈی آئی جی ٹریفک چوہدری سجاد کو او ایس ڈی بنا دیا گیا۔ تاہم، ان تبادلوں کے خلاف اگلے ہی روز ایڈیشنل آئی جی یاسین قریشی نے عدالتِ عالیہ سے حکمِ امتناعی حاصل کر لیا۔
پیدا ہونے والی صورتحال نے محکمہ پولیس آزاد کشمیر میں شدید انتظامی الجھن پیدا کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ تین روز سے مظفرآباد میں ایڈیشنل آئی جی کے دفتر میں بیک وقت دو افسران خود کو ایڈیشنل آئی جی کے طور پر ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، جو انتظامی نظام کے لیے ایک غیر معمولی اور تشویشناک صورتحال قرار دی جا رہی ہے۔