واپس جائیں

صدر ایڈمنسٹریٹو سٹاف اسرار قادری کی جدوجہد رنگ لائی۔ آزادکشمیر یونیورسٹی کے لیے بڑی گرانٹ کی منظوری

26 Apr 2026, 07:26 AM
صدر ایڈمنسٹریٹو سٹاف اسرار قادری کی جدوجہد رنگ لائی۔ آزادکشمیر یونیورسٹی کے لیے بڑی گرانٹ کی منظوری

مظفرآباد —آزاد کشمیر یونیورسٹی کے مالی بحران کے خاتمے کی جانب اہم پیش رفت۔ایڈمنسٹریٹو سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر  اسرار سعید قادری کی جدوجہد رنگ لے آئی۔ایک ارب چار کروڑ سے زائد گرانٹ کی منظوری۔ 


آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کو درپیش طویل مالی بحران کے خاتمے کے لیے حکومت آزاد کشمیر نے ایک ارب چالیس کروڑ روپے سے زائد کی ون ٹائم گرانٹ کی منظوری دے دی، جس پر جامعہ کے اساتذہ اور ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس اہم پیش رفت پر یونیورسٹی کی ایڈمنسٹریٹو سٹاف ایسوسی ایشن اور اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔


تفصیلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی گزشتہ کئی عرصے سے شدید مالی بحران کا شکار تھی، جس کے باعث نہ صرف انتظامی امور متاثر ہو رہے تھے بلکہ اساتذہ اور ملازمین کو مالی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا تھا۔ سال 2025 میں تنخواہوں میں ہونے والے اضافے کی ادائیگی بھی تاحال ممکن نہ ہو سکی تھی، جبکہ متعدد ملازمین پنشن کی ادائیگی کے بغیر ہی ریٹائر ہو گئے تھے، جس سے تشویش میں اضافہ ہوا۔


ذرائع کے مطابق جامعہ کے اساتذہ اور ایڈمن سٹاف کے نمائندگان طویل عرصے سے حکومت آزاد کشمیر سے اس بحران کے مستقل حل کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اس دوران جامعہ کے وائس چانسلر ناصر جمال خٹک نے بھی فنڈز کے حصول کے لیے متعدد خطوط ارسال کیے اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں تاکہ یونیورسٹی کو درپیش مالی مسائل کا حل نکالا جا سکے۔


فروری 2026 میں صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر اساتذہ اور ملازمین نے پرامن احتجاج اور تدریسی بائیکاٹ بھی کیا، جس کے دوران وزیر ہائر ایجوکیشن ظفر ملک موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کیے۔ انہوں نے ملازمین کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت جلد فنڈز فراہم کرے گی اور مالی بحران کے مستقل حل کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اس یقین دہانی کے بعد احتجاج مؤخر کر دیا گیا۔


بعد ازاں وزیر ہائر ایجوکیشن نے اپنے وعدے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے فنڈز کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ نے بھی اس سلسلے میں بھرپور کوششیں جاری رکھیں۔ وائس چانسلر کے ہمراہ ڈینز، رجسٹرار اور ڈائریکٹر فنانس نے بھی اس معاملے کو حل کرنے کے لیے مسلسل جدوجہد کی۔


بالآخر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے ریاست کے سب سے بڑے تعلیمی ادارے کو درپیش اس اہم مسئلے کا ادراک کرتے ہوئے خصوصی دلچسپی لی اور ایک ارب چالیس کروڑ روپے سے زائد کی ون ٹائم گرانٹ کی منظوری دے دی، جسے جامعہ کی مالی بحالی کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔


گرانٹ کی منظوری کے بعد یونیورسٹی میں اساتذہ اور ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ملازمین اور فیکلٹی ممبران نے اپنے نمائندوں اور یونیورسٹی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ہے، جبکہ حکومت آزاد کشمیر، بالخصوص وزیراعظم اور وزیر ہائر ایجوکیشن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔


اپنے مشترکہ بیان میں اکیڈمک اور ایڈمنسٹریٹو سٹاف ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے یہ اقدام نہ صرف وقتی ریلیف فراہم کرے گا بلکہ ادارے کو استحکام کی راہ پر گامزن کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت مستقبل میں بھی جامعہ کشمیر کے مالی مسائل کے مستقل حل کے لیے مزید عملی اقدامات کرے گی تاکہ تدریسی و تحقیقی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں