آزاد کشمیر، لینڈ سلائیڈنگ دو سال کی بچی جاں بحق
چناری :وادی لیپا کے گاؤں انٹلیاں،غائی پورہ،گھاسلہ میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ دو سالہ معصوم بچی جاں بحق،سرکاری ڈسپنسری، ایک مکان مکمل، نجی سکول کی عمارت جزوی طور پر تباہ،مین شاہراہ پر پتھر گرنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق وادی لیپہ کے گائوں غائی پورہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راجہ عابد خان کی دو سالہ معصوم بچی جاں بحق،گائوں انٹلیاںمیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث نجی سکول جزوی، سرکاری ڈسپنسری، گائوں گاسلہ میںعبدالرشید ولد عبدالکریم کا رہائشی مکان مکمل طور پر تباہ ہو گئے، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انٹلیاں گائوں میں پہاڑ سے آنے والی بڑی سلائیڈ تو درمیان میں رک گئی تاہم اس کے ساتھ آنے والے پتھروں نے نیچے موجود عمارتوں کو شدید نقصان پہنچایا، گرائونڈ،مین شاہراہ بھی متاثر ہو ئی، لینڈ سلائیڈنگ سے آنے والا ملبہ پاور ہاؤس کے واٹر چینل تک جا پہنچا ہے، جس سے پانی کی فراہمی کا نظام بھی خطرے سے دوچار ہو گیا، واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مقامی آبادی شدید تشویش میں مبتلا ہے،مقامی افراد کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں خطرات میں اضافہ ہو چکا ہے مگر حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں، واقعات کے کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود محکمہ صحت یا دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں شروع نہیں کی گئیں،اہل علاقہ نے حکومت آزاد کشمیر، ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نقصانات کا جائزہ لے کر متبادل طبی سہولیات فراہم کی جائیں، سکول کی عمارت کی مرمت کی جائے، مین روڈ سے ملبہ ہٹایا جائے،پاور ہاؤس کے واٹر چینل کو محفوظ بنایا جائے تاکہ کسی بڑے سانحے سے بچا جا سکے، انہوں نے خبردار کیا کہ مزید بارشوں کی صورت میں صورتحال مزید سنگین اختیار کر سکتی ہے۔