واپس جائیں

میرپور میں نصب سائن بورڈوں کے حوالے سے سنگین کوتاہی کا انکشاف

19 Apr 2026, 12:02 PM
میرپور میں نصب سائن بورڈوں کے حوالے سے سنگین کوتاہی کا انکشاف

میرپور/19 اپریل 2026/ رپورٹ: سہراب خان : میرپور شہر اور اس کے گردونواح میں شاہراہوں اور کمرشل عمارتوں پر نصب دیوہیکل سائن بورڈز شہریوں کی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ بنتے جا رہے ہیں۔ مختلف مقامات پر نصب ان سائن بورڈز کے حوالے سے یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ ان کی تنصیب کے دوران بنیادی اسٹریکچرل ڈیزائن کے اصولوں کو نظر انداز کیا گیا، جس کے باعث ان کے ڈھانچے کمزور اور غیر محفوظ ہو چکے ہیں۔


دو روز قبل ریڈیو اسٹیشن چوک کے قریب مین کوٹلی روڈ پر پیش آنے والا واقعہ اس خطرے کی واضح مثال ہے، جہاں تیز آندھی کے دوران ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی جانب سے سڑک کے آر پار نصب بڑا سائن بورڈ اچانک گر پڑا۔ سائن بورڈ کے نیچے ایک گاڑی دب گئی جس سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا جبکہ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم اس واقعے کے باعث مرکزی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی کئی گھنٹوں تک متاثر رہی۔


اس واقعے نے ادارہ ترقیات میرپور، میونسپل کارپوریشن میرپور اور دیگر متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں کوئی بڑا سانحہ رونما ہو سکتا ہے۔


تحقیقات کے دوران “کشمیر نامہ” نے میرپور سے تعلق رکھنے والے نوجوان اسٹرکچرل انجینئر عدیل خان سے رابطہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں نصب بیشتر سائن بورڈز بغیر کسی باقاعدہ انجینئرنگ ڈیزائن کے لگائے گئے ہیں، جو کہ انتہائی خطرناک عمل ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کسی بھی سائن بورڈ کی تنصیب سے قبل اس کا مکمل اسٹریکچرل ڈیزائن تیار کیا جاتا ہے، جس میں ہوا کے دباؤ، وزن، اونچائی اور دیگر ماحولیاتی عوامل کو مدنظر رکھا جاتا ہے، جبکہ اس کے ساتھ اسٹرکچرل اسٹیبلٹی سرٹیفکیٹ کا حصول بھی ضروری ہوتا ہے۔


دیگر ماہرین کا بھی یہی مؤقف ہے کہ میرپور میں موجود اکثر سائن بورڈز ان بنیادی تقاضوں کو پورا نہیں کرتے، جس کے باعث یہ تیز ہواؤں، بارش اور آندھی طوفان کے دوران مزید خطرناک ہو جاتے ہیں۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر ان سائن بورڈز کا تکنیکی معائنہ نہ کیا گیا تو یہ کسی بھی وقت بڑے جانی و مالی نقصان کا سبب بن سکتے ہیں۔


شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں نصب تمام سائن بورڈز کا ہنگامی بنیادوں پر سروے کیا جائے، غیر قانونی اور غیر محفوظ سائن بورڈز کو فوری طور پر ہٹایا جائے، اور مستقبل میں کسی بھی تنصیب کے لیے سخت قوانین اور چیک اینڈ بیلنس کا نظام نافذ کیا جائے۔


مزید برآں، شہریوں نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ متعلقہ اداروں کی غفلت اور کوتاہی کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسے خطرناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں