کشمیر کونسل کی چاروں نشستوں کے امیدوار بلا مقابلہ منتخب
مظفرآباد:آزاد جموں و کشمیر کونسل کی چار خالی نشستوں پر مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار راجہ مشتاق منہاس، چوہدری محمد سعید، چوہدری منظور احمد اور پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار سابق اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کے مقابلے میں کسی دوسرے امیدوار کے میدان میں نہ آنے کے باعث انتخابی عمل بلامقابلہ انتخاب کی صورت اختیار کر گیا۔ دستیاب انتخابی تفصیلات کے مطابق چار نشستوں کے لیے یہی چار امیدوار سامنے آئے تھے۔چوہدری لطیف اکبر کے ممبر کشمیر کونسل منتخب ہونے پر جہاں پارٹی حلقوں میں مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے، وہیں پیپلز پارٹی کے بعض نظریاتی اور دیرینہ کارکنوں میں اندرونِ جماعت تحفظات اور مایوسی کی چہ میگوئیاں بھی سنائی دے رہی ہیں۔ کارکنوں کے حوالے سے سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ طویل عرصے سے پارٹی کے ساتھ وابستہ کارکنوں اور تنظیمی سطح پر متحرک رہنے والے دیگر رہنماؤں کو نمائندگی کے مواقع کب اور کس بنیاد پر فراہم کیے جائیں گے۔سیاسی حلقوں میں یہ بحث بھی جاری ہے کہ کشمیر کونسل جیسے اہم آئینی فورم پر نامزدگی کے عمل میں پارٹی کارکنوں کی توقعات، تنظیمی خدمات اور علاقائی نمائندگی کو کس حد تک ملحوظِ خاطر رکھا گیا۔چاروں نشستوں کا بلامقابلہ فیصلہ انتخابی عمل کو اگرچہ مختصر کر گیا ہے، تاہم اس پیش رفت نے سیاسی جماعتوں کے اندر نمائندگی، مشاورت اور کارکنوں کو اعتماد میں لینے کے طریقۂ کار پر ایک نئی بحث ضرور چھیڑ دی ہے۔