محکمہ ان لینڈ ریونیو آزادکشمیر نے پہلی سہ ماہی میں ٹارگٹ سے زائد رقم جمع کر لی
مظفرآباد:محکمہ ان لینڈ ریونیو آزاد جموں و کشمیر کے ساؤتھ اور نارتھ زونز نے مالی سال 27-2026 کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر 2026) میں اعلیٰ محکمانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ ٹیکس ریونیو اہداف نمایاں بیشی کے ساتھ عبور کر لیے ہیں۔ یہ کامیابی وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کے 100 روزہ اصلاحاتی پلان کے تحت محکمانہ کارکردگی میں بہتری کی ایک اہم پیش رفت ثابت ہوئی ہے۔ ترجمان محکمہ ان لینڈ ریونیو کے مطابق آزاد حکومت کی جانب سے مالی سال 27-2026 کے لیے محکمہ ان لینڈ ریونیو کو مجموعی طور پر 75 ارب 20 کروڑ روپے کا سالانہ ہدف دیا گیا تھا، جس میں ستمبر سہ ماہی کا ہدف 11 ارب 28 کروڑ روپے مقرر تھا۔ اس کے برخلاف محکمہ نے 1 ارب 27 کروڑ روپے اضافی حاصل کرتے ہوئے کل 12 ارب 55 کروڑ روپے ٹیکس محصولات جمع کیے ہیں۔ ساؤتھ زون کا سہ ماہی ہدف 6 ارب 90 کروڑ روپے تھا، جس کے مقابلے میں 1 ارب روپے سے زائد اضافی ریونیو اکٹھا کر کے مجموعی طور پر 8 ارب روپے جمع کیے گئے۔ نارتھ زون کا سہ ماہی ہدف 4 ارب 38 کروڑ روپے تھا، جس کے مقابلے میں 12 کروڑ روپے اضافی کے ساتھ کل 4 ارب 50 کروڑ روپے کا ریونیو حاصل کیا گیا۔ وزیرِ اعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی اور سیکرٹری ان لینڈ ریونیو و چیئرمین سی بی آر (CBR) محمد یونس میر نے دونوں زونز کی شاندار کارکردگی پر افسران اور عملے کو مبارکباد پیش کی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔ کمشنر ان لینڈ ریونیو نارتھ زون باصل صدیق اور کمشنر ساؤتھ زون سید انصر علی نے قیادت کے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اہداف کا حصول پوری ٹیم کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ آئندہ سہ ماہیوں میں بھی اسی جذبے سے کام جاری رکھا جائے گا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ باقی مالی سال کے دوران بھی مربوط حکمتِ عملی اور مسلسل مانیٹرنگ کے ذریعے ریونیو اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے گا۔