واپس جائیں

آزاد کشمیر کے دارالحکومت میں مفت ٹرانسپورٹ سروس کا آغاز کر دیا گیا

08 Apr 2026, 02:42 PM
آزاد کشمیر کے دارالحکومت میں مفت ٹرانسپورٹ سروس کا آغاز کر دیا گیا

مظفرآباد : وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی جانب سے کشمیری عوام کے لیے ایک بڑے ریلیف پیکج کے تحت مفت ٹرانسپورٹ سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ بدھ کے روز چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان نے دارالحکومت مظفرآباد میں اس سروس کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے موقع پر کمشنر مظفرآباد بدر منیر، ڈی سی منیر احمد قریشی، اسسٹنٹ کمشنر حماد بشیر سمیت ٹرانسپورٹ مالکان اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پہلے مرحلے میں شہر کے مختلف روٹس پر چلنے والی سوزوکی سروس کو عوام کے لیے مکمل طور پر مفت کر دیا گیا ہے۔چیف سیکرٹری خوشحال خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شہریوں پر بوجھ بڑھا تھا، جس کے پیشِ نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومتِ پاکستان اس سروس کے لیے ٹرانسپورٹرز کو سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی کہ وہ اس سروس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنائیں۔ کمشنر مظفرآباد بدر منیر نے شہریوں اور ٹرانسپورٹرز پر زور دیا کہ وہ اس سہولت کو کامیاب بنانے کے لیے انتظامیہ سے تعاون کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ علاقائی اور نازک صورتحال کے تناظر میں شہری غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں تاکہ مستحق افراد اس سہولت سے بہتر طور پر مستفید ہو سکیں۔اس اقدام کو شہریوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر سراہا جا رہا ہے، جبکہ ٹرانسپورٹ کی رجسٹریشن کا عمل مزید روٹس کے لیے بھی جاری ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں