واپس جائیں

آزاد کشمیر کی دو سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کا معاملہ بدستور التواء کا شکار

02 Apr 2026, 02:17 PM
آزاد کشمیر  کی دو سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کا معاملہ بدستور التواء کا شکار

مظفرآباد : آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے ایک اہم فیصلے کے تحت ''جموں و کشمیر لبریشن لیگ'' کو باقاعدہ طور پر ایک سیاسی جماعت کے طور پر رجسٹر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر، مسلم لیگ ن اور جماعت اسلامی پہلے ہی رجسٹر ہو چکی ہیں، جبکہ پاکستان تحریک انصاف (PTI) آزاد کشمیر اور جموں وکشمیر پیپز پارٹی کی رجسٹریشن کا معاملہ تاحال زیرِ کار ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، یہ فیصلہ عدالتِ عالیہ کے مقدمہ ''وحید اشرف بنام الیکشن کمیشن وغیرہ'' (مورخہ 5 اکتوبر 2023) کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے کے نوٹسز جاری کیے تھے، جس کی تعمیل میں جموں و کشمیر لبریشن لیگ نے تمام قانونی شرائط اور دستاویزات فراہم کر دی ہیں۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کی جانب سے قائم کردہ رجسٹریشن کمیٹی نے ان دستاویزات کی جانچ پڑتال کی، جس کے بعد آزاد جموں و کشمیر الیکشنز ایکٹ 2020ء کی دفعہ 128 کے تحت اس سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کی منظوری دی گئی۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ لبریشن لیگ نے عدالتِ عالیہ کے فیصلے اور قانونی تقاضوں کے مطابق تمام دستاویزات مکمل کی ہیں، جس کی بنیاد پر انہیں رجسٹرڈ جماعتوں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں