مظفرآباد، افسوسناک ٹریفک حادثے میں تین افراد جاں بحق
مظفرآباد : آزاد کشمیر کے علاقے گڑھی دوپٹہ سے بچہ سیداں جانے والی ایک ٹیکسی کار گہری کھائی میں گرنے سے خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد موقع پر جاں بحق جبکہ ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت سید مظلوم شاہ، سید ذیشان اور حسنین فاطمہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمی ڈرائیور کو کھائی سے نکالا۔ زخمی ڈرائیور کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ علاقے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کی اچانک موت پر کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہے۔