ملک بھر میں شدید بارشوں اور برفباری کا الرٹ جاری
اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہواؤں اور آندھی جھکڑ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق بلوچستان کے جنوب مغربی علاقوں سے داخل ہونے والا مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ پاکستان کے مختلف حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا، جس کے باعث پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں آندھی، طوفان، گرج چمک اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ ممکنہ بارشوں کے نتیجے میں خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ بلوچستان کے تربت، کیچ، گوادر، خضدار، ژوب اور لسبیلہ جبکہ خیبر پختونخوا کے ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، پاراچنار، پشاور، مردان اور صوابی میں اچانک سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ مزید برآں اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک اور چکوال کے نشیبی علاقوں میں بھی اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری متوقع ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ مسلسل بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں بھی اضافہ ہوگا۔ پنجاب کے مختلف شہروں جن میں مری، لاہور، راولپنڈی، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور ساہیوال شامل ہیں، میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سندھ کے کشمور، سکھر، لاڑکانہ اور خیرپور میں بھی بارش اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور عمارتوں، درختوں اور بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، جبکہ بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو کر ٹریفک متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ادارے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، گاڑی احتیاط سے چلانے اور موسمی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سیاحوں کو شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال چیک کرنے کی بھی تلقین کی گئی ہے۔ مزید برآں عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بروقت معلومات کے لیے Pak NDMA Disaster Alert ایپ سے رجوع کریں، جبکہ تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے